قومی ہاکی کوچ اختر رسول کا استعفیٰ نامنظور‘ ورلڈ کپ 2014ءتک کی کوچنگ کیلئے تیار

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءنے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول کا استعفٰی نا منظور کرتے ہوئے انہیں 2014ءکے عالمی کپ تک عہدہ پر برقرار رہنے کے لیے راضی کر لیا ہے جبکہ پی ایچ ایف کنسلٹنٹ طاہر زمان کی بھی سینئر ٹیم مینجمنٹ کو خدمات حاصل ہونگی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر کوچنگ پینل میں دو افراد کا مزید اضافہ کر دیا ہے جن میں گول کیپنگ کوچ محمد ارشد اور ٹرینر و نیوٹریشنر عدنان ذاکر شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ ہونے والی خصوصی میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایسی باتیں منظر عام پر آ رہی تھیں کہ شاید ملک میں سیاسی تبدیلی کے ساتھ پاکستان ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ میں بھی تبدیلیاں آ رہی ہیں تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم مینجمنٹ کے ہنگامی اجلاس میں قومی کے وسیع مفاد کی خاطر ٹیم مینجمنٹ کو 2014ءتک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اختر رسول پاکستان ہاکی کا بڑا نام ہیں ان کی خدمات عالمی کپ ٹورنامنٹ میں دستیاب رہیں گی۔ کوچنگ کنسلٹنٹ طاہر زمان ضرورت کے مطابق ٹیم مینجمنٹ کو دستیاب ہوں گے اور 29 مئی سے ایبٹ آباد میں شروع ہونے والے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں بھی معاونت کریں گے۔ ورلڈ ہاکی لیگ کیلئے قومی ٹیم کی تربیت کا پہلا مرحلہ 29 مئی سے ایبٹ آباد جبکہ دوسرا مرحلہ 18 جون سے کراچی میں ہوگا۔ قومی ٹیم ورلڈ ہاکی سیریز کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل 23 جون کو ملائیشیا روانہ ہو جائے گی جبکہ ٹورنامنٹ 29 جون کو شروع ہوگا۔ مستقبل میں کھلاڑیوں کو لیگ ہاکی کھیلنے کی اجازت پاکستان ہاکی ٹیم کی بین الاقوامی مصروفیت کو مدنظر رکھ کر دی جائے گی۔ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ اذلان شاہ کپ ٹورنامنٹ سے قبل چار کھلاڑی بغیر اجازت کے لیگ ہاکی کھیلنے چلے گئے تھے ان کھلاڑیوں نے پی ایچ ایف سے این او سی لے رکھا تھا۔ قومی ٹیم کے کوچ حنیف خان کا کہنا تھا کہ طاہر زمان ایف آئی ایچ کے ماسٹر کوچ ہیں ہمیں جب بھی ان کی ضرورت ہوگی مشورے کیلئے بلائیں گے۔ ورلڈکپ 2014ءکیلئے ہماری تیاریاں درست سمت میں جاری ہیں ملائیشیا ہاکی لیگ میں شرکت کے بعد کھلاڑی وطن واپس آگئے ہیں اور چند روز آرام کے بعد ایبٹ آباد میں شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے۔ کوچنگ کنسلٹنٹ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن نے موجودہ حالات میںٹیم مینجمنٹ کو برقرار رکھ کر بہترین فیصلہ کیا ہے بطور کنسلٹنٹ سینئر و جونیئر ٹیموں کے لئے میر ی خدمات حاضر ہیں ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان ہاکی کو فتوحات کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ ایبٹ آباد کے تربیتی کیمپ میں سینئر ٹیم کی خامیوں کو دور کرنے پر زور دیا جائے گا۔ امید ہے کہ ورلڈ لیگ اور ایشیا کپ میں کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...