پشاور/ اسلام آباد ( آئی این پی )کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے شمالی وزیرستان میں آپریشن اور طیاروں سے بمباری سے پیدا صورتحال پر شوریٰ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں حکومت سے امن معاہدہ ختم کئے جانے کا فیصلہ متوقع ہے۔ طالبان نے کہا ہے کہ شوریٰ شمالی وزیرستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ، ہم اپنے عوام پر مزید زیادتی قبول نہیں کریں گے۔ حکومت کے ساتھ شوریٰ شمالی وزیرستان کا امن معاہدہ ختم ہوا تو جو بھی حالات ہوں گے اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور فوج پر ہوگی، بدھ کو شمالی شوریٰ وزیرستان کے ترجمان احمد اللہ احمدی کی طرف سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے صورتحال کے پیش نظر شوریٰ شمالی وزیرستان کا اجلاس نامعلوم مقام پر طلب کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں حکومت کے ساتھ کئے گئے امن معاہدہ ختم کرنے کاحتمی فیصلہ ہوگا ۔ ترجمان نے کہا کہ شوریٰ شمالی وزیرستان میں الحمدللہ اتفاق اور اتحاد برقرار ہے ہم ہرقسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، موجودہ حالات میں عوام سے کی گئی زیادتیوں پر شوریٰ شمالی وزیرستان کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتی۔