نارووال (نامہ نگار)صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 136نارووال 5 میں ضمنی انتخاب آج ہو گا۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو گی جو بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد 159584 ہے اور ووٹ ڈالنے کیلئے 123 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 430 پولنگ بوتھ بنائے گے ہیں۔ 983 افراد پر مشتمل پولنگ عملہ اپنے فرائض سر انجام دے گا۔ ڈسٹرکٹ پولیس نے اس حلقہ میں 9 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس اور 29کو کیٹگری بی میں حساس قرار دیا ہے جہاں 1200 سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائینگے، اس کے علاوہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔ حلقہ پی پی 136 نارووال میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کرنل (ر) شجاعت احمد خان اور تحریک انصاف کے محمد وکیل خان منج کے درمیان میدان سجے گا۔ دریں اثناء چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمرعطا بندیال نے ضلع نارووال میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 136 پر ضمنی انتخابات کے موقع پر آج مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں ضلع نارووال کی تمام سیشن اور سول عدالتیں بند رہیں گی۔ دریں اثنا ڈی سی او نارووال سید نجف اقبال بھی بھی حلقہ پی پی 136کے تمام سرکاری اداروں میں تعیطلات کا اعلان کر رکھا ہے۔