اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیرقانونی بھرتی کیس میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے سابق چیئرمین مشتاق ملک، ایگزیکٹو ممبر پیمرا ڈاکٹر عبد الجبار اور ممبر الیکشن کمیٹی پیمرا شاہ نواز چیمہ کی عبوری ضمانت کنفرم کر کے کیس کی سماعت ملتوی کر دی اور ملزموں کو ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ بدھ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیئرمین پیمرا مشتاق ملک، ڈاکٹر عبدالجبار اور شاہ نواز چیمہ کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ مشتاق ملک کے وکیل ملک قمر افضل نے عدالت عالیہ میں دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ سابق چیئرمین پیمرا کے خلاف بے بنیاد اور ذاتی انتقام پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے انکے موکل نے پیمرا کی اتھارٹی اور دیگر ممبران کے ساتھ قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرتیاں کیں۔ حکومت کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل ملک فیصل، بیرسٹر جہانگیر جدون بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت عالیہ میں بتایا کہ ایف آئی اے نے ملزم کو شامل تفتیش کر رکھا ہے۔ عدالت عالیہ نے دلائل مکمل ہونے کے بعد پانچ پانچ لاکھ مچلکوں پر ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔