لاہور (سپورٹس رپورٹر) عمر اکمل کے واقعہ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی حکام نے کپتان مصباح الحق کو بھی اپنی گاڑی سٹیڈیم لانے سے منع کر دیا۔ کپتان مصباح الحق سمر کیمپ میں شرکت کیلیے قذافی سٹیڈیم آئے تو گاڑی سٹیڈیم میں لانے سے منع کر دیا گیا تاہم وہ گاڑی مین گیٹ پر چھوڑ کر گراونڈ میں آ گئے۔ سکیورٹی حکام فوری حرکت میں آئے اور انہوں نے گراونڈ میں جا کر مصباح الحق سے گاڑی کی چابی حاصل کر کے گاڑی کو سٹیڈیم کی پارکنگ میں لا کھڑا کیا۔ واضح رہے کہ کرکٹ بورڈ نے سمر کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کے لیے ایک ضابطہ اخلاق جاری کر رکھا ہے جس کے تحت تمام کھلاڑی سٹیڈیم سے ملحقہ سٹینڈ میں اپنی گاڑیاں پارک کرینگے۔ ایک روز قبل عمر اکمل نے بھی بعض کھلاڑیوں کی جانب سے قذافی سٹیڈیم میں گاڑی لانے کے ردعمل میں اپنی گاڑی سٹیڈیم میں لانے کی کوشش کی تھی جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو گئے تھے۔