لندن (رائٹرز) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے عالمی رہنمائوں سے ہر بچے بالخصوص لڑکیوں کو 12 سال سکول کی تعلیم مفت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا یہ بیان جنوبی کوریا میں ورلڈ ایجوکیشن فورم کی کانفرنس کے بعد سامنے آیا جس میں 160 ملکوں کے وزراء اور غیر سرکاری اداروں نے حصہ لیا اور اگلے 15 سال کے دوران تعلیم کے حوالے سے نئے اہداف طے کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقوام متحدہ ان اہداف کو ستمبر میں حتمی شکل دے گی۔ رہنمائوں نے ان اہداف پر اتفاق کیا ملکوں کو ہر بچے کو سرکاری اخراجات سے 12 سالہ پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن فراہم کرنا چاہئے جن میں 9 سال فری اور لازمی تعلیم بھی شامل ہو۔ 17 سالہ ملالہ نے اپنے بیان میں کہا 12 سال فری ایجوکیشن بالخصوص لڑکیوں کے لئے انتہائی اہم ہے اور عالمی رہنمائوں کو ان اہداف کے حصول میں مدد فراہم کرنا چاہئے۔ ملالہ نے کہا دنیا بھر میں میری بہنیں ہر روز کلاس روم میں جگہ بنانے کی لڑائی لڑ رہی ہیں۔ یہ بچے اپنے معاشرے اور دنیا کو کچھ دینا چاہتے ہیں جس کے لئے ضروری ہے کہ انہیں 12 سالہ کی کوالٹی ایجوکیشن حاصل کرنے کا موقع ملے۔