لاہور(خبر نگار) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدرمیاں منظور احمد وٹو نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ ماڈل ٹائون کے سانحہ پر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ بلاتاخیر پبلک کرے انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن حکومت پنجاب نے خود ہی تشکیل دیا تھا تا کہ وہ ماڈل ٹائون کے سانحہ کی تحقیقات کرے اور مجرموں کو بے نقاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو عام نہ کرنے سے یہ تاثر ملتا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پنجاب حکومت کے حکمرانوں کے خلاف ہے اس لیے وہ اس کو شائع کرنے سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم(JIT)کی حقیقت جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے سامنے کوئی معنی نہیں رکھتی اس لیے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو شائع کرنا اشد ضروری ہے۔