ملتان میں ضمنی الیکشن‘ مسلم لیگ (ن) کا امیدوار کامیاب‘ کارکنوں کا جشن

May 22, 2015

ملتان + لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) پی پی 196 ملتان میں ضمنی انتخابات میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق 132 پولنگ سٹیشنز پر مسلم لیگ ن کے رانا محمود الحسن 27830 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ انکے چچا تحریک انصاف کے رانا عبدالجبار 19283 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پیپلزپارٹی کے حسین آرائیں 7316 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ رانا محمود الحسن کی کامیابی کی خبر ملتے ہیں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے جشن منایا اور بھنگڑے ڈالتے رہے اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔ علاوہ ازیں پی پی 196 کے ضمنی الیکشن کے دوران دن بھر ووٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ کئی مقامات پر لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی ہوئے۔ ٹمبر مارکیٹ میں قائم پولنگ سٹیشن میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم ہو گیا۔ اس دوران کارکن نعرے بازی کرتے ہوئے ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے۔ پولنگ کے دوران مختلف پولنگ سٹیشنز پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی خواتین کے مابین تصادم بھی ہوتے ہوتے رہ گیا اور دونوں سیاسی جماعتوں کی خواتین نے ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ پولنگ سٹیشن 98 پر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکن گتھم گتھا ہو گئے ا ور ایک دوسرے پر تھپڑ اور مکے برساتے رہے۔ انتخاب کے موقع پر پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری محمد حسین آرائیں نے اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ حلقہ میں مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اور اسلحہ کی کھلم کھلا نمائش کی۔ پی پی 196 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے امیدوار آپس میں چچا بھتیجا ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار رانا عبدالجبار جو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا محمود الحسن کے حقیقی چچا بھی ہیں ووٹ ڈالنے آئے تو بھتیجے کو ہرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ضمنی انتخاب کے موقع پر اسلحہ کی نمائش کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ پولنگ سٹیشنز پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے کے امیدواروں اور ان کے حامیوں کیخلاف فوری کارروائی کر کے رپورٹ پیش کریں۔ آئی این پی کے مطابق ووٹوں کی گنتی کے دوران پولنگ نمبر 77 پر پیپلز پارٹی کی پولنگ ایجنٹ نے پریذائیڈنگ آفیسر پر (ن) لیگ کو ووٹ ڈلوانے کے الزام میں پریذائیڈنگ آفیسر کو تھپڑ مار دیا جس پر پریذائیڈنگ آفیسر نے رینجرز اور پولیس کو طلب کر لیا جس نے پولنگ ایجنٹ کو حراست میں لے لیا۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا محمود الحسن کی شاندار کامیابی کو وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے اور مبارکباد پیش کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا محمود الحسن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی عوام کا حکومت کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے پی پی 196 کے ضمنی الیکشن کے نتیجے کو تسلیم کر لیا۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی پی 196 کے عوام کی رائے کا احترام کرتا ہوں ہم نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہیں ضمنی ا نتخاب میں حکومت وقت کے امیدوار کو فائدہ ملتا ہے یہ سیٹ مسلم لیگ ن کی تھی رانا محمودالحسن کو مبارکباد دیتا ہوں۔ علاوہ ازیں پی پی 196 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا محمود الحسن نے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری عبدالوحید ارائیں سے 10 ہزار 999 ووٹ زیادہ حاصل کئے ہیں۔ اس بار تحریک انصاف کو 10 ہزار ووٹ کم پڑے۔

مزیدخبریں