قومی ٹیم کو کامیابی کیلئے بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا : سابق کرکٹرز

لاہور (نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ محسن حسن خان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کیلئے ہوم گرائونڈ پر شائقین کے سامنے ہیرو بننے کا اچھا موقع ہے۔ تمام کرکٹرز کو اس موقع سے بھرپور انداز میں فائدہ اٹھانا چاہئے۔ پاکستان ٹیم کو زمبابوے کے خلاف تمام میچز میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے پوری صلاحیتوں کے ساتھ کھیل پیش کرنا ہو گا۔ اچھی منصوبہ بندی اور بہتر ٹیم کامبی نیشن سے کامیابی آسان ہو سکتی ہے۔ سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین احمد صلو کا کہنا تھا کہ ہوم گرائونڈ اور کرائونڈ کے سامنے کھیلتے ہوئے کھلاڑی زیادہ پرجوش ہوتے ہیں۔ زمبابوے کی ٹیم آن پیپر پاکستان سے کمزور ہے لیکن ہماری ماضی قریب کی کارکردگی حوصلہ افزائی نہیں ہے۔ پھر بھی پاکستانی ٹیم میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ مہمان ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں۔ توصیف احمد کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے، اب تمام تر ذمہ داری کرکٹرز پر ہے وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں اور اپنے انتخاب کو درست ثابت کریں۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس کا کہنا تھا کہ ماضی قریب میں ایک روزہ میچوں میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن پھر بھی زمبابوے کے خلاف اچھے کھیل کی توقع ہے۔ ٹیسٹ فاسٹ بائولر عامر نذیر کا کہنا تھا کہ ہوم سیریز کو یادگار بنانے کیلئے یادگار کھیل بھی پیش کرنا ضروری ہے۔ جن کھلاڑیوں کا کم بیک کروایا گیا ہے ان پر زیادہ ذمہ داری ہے۔ ہوم گرائونڈ پر ہوم کرائوڈ کے سامنے قومی کرکٹرز کے پاس ہیرو بننے کا اچھا موقع ہے۔

ای پیپر دی نیشن