اٹھارہ ہزاری/جھنگ / لاہور (نامہ نگاران + خصوصی رپورٹر ) اٹھارہ ہزاری سے 16کلو میٹر دورخوشاب روڈ پر ٹرک اور بس کے خوفناک تصادم میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت 10 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح کے وقت خوشاب روڈ پر کنل شیرو آنہ کے قریب کراچی سے چکوال جانیوالی اے سی مسافر بس اور اٹھارہ ہزاری کی طرف آنیوالے منی ٹرک کا انتہائی تیز رفتاری میں آمنے سامنے خوفناک تصادم ہو گیا جو کہ اتنا خوفناک تھا کہ ٹرک کا ڈرائیور اور اس کے ساتھ سیٹ اور چھت پر موجود دیگر13 افراد میں سے دس موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ چھت پر سوار افراد جو کہ سو رہے تھے اڑ کر بس اور ٹرک کے درمیان آجانے سے بری طرح کچلے گئے جبکہ دو خواتین سمیت 15 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہیں ریسکیو 1122، پولیس اور کثیر تعداد میں مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا دی گئی۔ ایک دوسرے میں دھنسی ہوئی گاڑیوں کے ملبے میں سے مرنیوالوں کی نعشیں باڈی کاٹ کر نکالی گئیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ شفٹ کیا گیا جہاں پر پانچ مزید افراد دم توڑ گئے۔ دو شدید زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ منی ٹرک مویشی منڈی میں جا رہا تھا میں سوار تمام چودہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈرائیورچوک سرور شہید جبکہ دیگر تمام افراد کامرہ اٹک کے رہائشی بیوپاری بتائے گئے ہیں جو کہ مویشیوں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتے تھے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کا اگلے انجن والے حصے مکمل تباہ ہو گئے۔ دونوں ڈرائیورز کے جاں بحق ہو جانے کی وجہ سے حادثے کی صحیح وجہ بھی معلوم نہ ہو سکی اور لوگوں کا خیال تھا کہ ٹرک ڈرائیور کو نیند آجانے یا گاڑی کا ٹائر برسٹ ہونے کی بنا پر حادثہ ہوا۔ مرنیوالوں کی شناخت محمد آصف ڈرائیور منی ٹرک، بابر عرف کالا، نعمان عرف نومی، محمد ارشد، اظہر، عمران، شکیل، محبوب، بخشیش الہیٰ ،نزاکت،کامران، شیر عباس خان، عبدالرشید، محمد علی اور بس ڈرائیور محمد موسیٰ خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ہسپتال میں زیر علاج شدید زخمیوں میں سجاد علی شاہ، سلیم، محمد خان، مدثر، ہمایوں اور احمد شیر وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ تھانہ کوٹ شاکر ضلع جھنگ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ یاد رہے کہ خوشاب روڈ پر تین روز قبل بھی کراچی جانیوالی اعوان کمپنی کی بس اور وین کے مابین ٹکر کے نتیجہ میں چار افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جھنگ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اٹھارہ ہزاری: بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم‘ 15 افراد جاں بحق‘ 10 زخمی
May 22, 2016