لاہور (فرخ سعید خواجہ) لاہور میں پاکستانی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت پنجاب اور عوامی جمہوریہ چین کے قونصل نے مشترکہ طور پر ایوان وزیراعلیٰ 90۔ شاہراہ قائداعظم پر پاکستان چین سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ منائی جس کے میزبان شہبازشریف اور قونصل جنرل عوامی جمہوریہ چین یوبورن تھے۔ سالگرہ کی اس تقریب میں پاکستان میں بالخصوص پنجاب میں مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے عوامی جمہوریہ چین کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور مردوں سمیت چینی سفارتکاروں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مہر اشتیاق، عارفہ خالد، صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، ملک ندیم کامران، وزیراعلیٰ کے مشیر خواجہ احمد حسان، چودھری شہباز، شیخ علائوالدین اور دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان چین دوستی کے سفر کی تصویری نمائش لگائی گئی تھی۔ ایوان وزیراعلیٰ کا آڈیٹوریم عوامی جمہوریہ چین اور پاکستان کے جھنڈوں کے علاوہ چینی آرائشی کی اشیاء سے خصوصی طور پر سجایا گیا تھا۔ ہال میں دو بڑی جہازی سائز کی سکرینیں بھی نصب تھیں۔ شرکاء چینی اور پاکستانی فنکاروں کے چینی اور اردو زبان میں نغموں سے بہت محفوظ ہوئے۔ شہبازشریف اور قونصل جنرل یوبورن نے پاکستان چین دوستی کو دونوں ملکوں کے درمیان لازوال محبت قرار دیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اپنی تقریر میں خصوصی طور پر عوامی جمہوریہ چین کی پاکستان سے محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے پچھلے روز ہی اورنج لائن ٹرین کیلئے 33 ارب روپے بھجوائے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی اس موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے شہریوں میں مقبولیت کے بے شمار مناظر دیکھنے میں آئے۔ چینی باشندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے ساتھ تصاویر کھنچوانے کا شوق سکرین کے سامنے تصویریں بنا کر پورا کیا۔