لاہور (وقت نیوز رپورٹ ) وقت نیوز کے پروگرام ’’انسائٹ‘‘ میں ’’کیا متحدہ اپوزیشن اور حکومت میں مفاہمت پارلیمنٹ میں ہوپائیگی‘‘ کے عنوان سے ہونیوالے پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما مہرین انور راجہ نے کہا ہے پانامہ لیکس کے معاملے پر کمشن بنانے کی ضرورت ہی نہ پڑے اگر نوازشریف خود فیصلہ دیدیں اور پیپلز پارٹی اس معاملے پر بالکل کلیئر ہے۔ معاملہ نتیجہ تک نہ پہنچا تو شور مچانے والے سب سے بڑے جھوٹے ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہم نہیں چاہتے اپوزیشن میں دراڑ پیدا ہو لیکن عمران خان کبھی کچھ کہتے ہیں اور کبھی کچھ، محترمہ بے نظیر نے کہا تھا میں کسانوں سے آلو خریدوں گی، چاہے سمندر میں ہی کیوں پھنکنے پڑیں جبکہ موجودہ حکومت کسانو ں کو سڑکوں پر لے آئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی انعام اللہ نیازی نے کہا پہلے شور تھا نوازشریف اسمبلی میں نہیں آرہے، جب وہ آئے تو کام کی بات نہیں ہوسکی، تماشہ وہ تھا جو اپنی آف شور کمپنی چھپائے بیٹھے تھے، عمران خان کی آف شور کمپنی کاظاہر ہونا پی ٹی آئی کے منہ پر طمانچہ تھا۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف میں دو چار افراد کے علاوہ تمام جماعت سیاست سے ناواقف ہے، عمران خان یہودی کی الیکشن کمپین کیلئے پہنچتے ہیں اور اعجاز چوہدری اسکے باوجود پارٹی میں موجود ہیں، میں ہوتا تو پارٹی چھوڑ چکا ہوتا۔ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدی نے کہا جوڈیشل کمشن کو پھر سے برا بھلا کہا جا رہا ہے۔ ہم نے پہلے بھی جوڈیشل کمشن کا فیصلہ قبول کیا، پاکستان میں موجود تحقیقاتی اداروں کو کرپٹ افراد کیخلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ جس ملک کے صوبائی سیکر ٹری خزانہ کے گھر سے لوٹا ہوا خزانہ برآمد ہو اس ملک کا کیا مستقبل ہوگا۔ پارلمینٹ کے فلور پر نوازشریف نے جھوٹ بولا، بات وہ کریں جو آخر تک سچ ثابت ہو ، ملک کی صورتحال یہ ہے روزانہ چھ ارب قرض لینا پڑتا ہے اور 12 ارب کرپشن کی نذر ہوجاتا ہے، ہم ایک پالیسی کے تحت کرپشن کیخلاف تحریک چلا رہے ہیں، کامیاب ہوگئے تو ملکی حالات میں بہتری آئیگی۔ رمضان کی آمد سے پہلے ہی مہنگائی عروج پرہے مگر حکومت بے خبر ہے ۔ وقت نیوز کے پروگرام انسائٹ کے میزبان ایڈیٹر دی نیشن سلیم بخاری جبکہ پروڈیوسر میاں عمران عباس ہیں۔
نوازشریف فیصلہ دیدیں تو پانامہ لیکس پر کمشن بنانے کی ضرورت نہ پڑے: مہرین انور
May 22, 2016