کابل (اے پی پی)کابل میں سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے کابل میں ایک جج کو گولی مار کر ہلاک کر دیا-ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے-افغانستان میں اعلی حکام، پولیس اور فوج پر حملوں میں عام طور پر طالبان ہی ملوث ہوتے ہیں۔ پچھلے چند مہینوں سے کابل اور افغانستان کے دیگر علاقوں میں طالبان کی تشدد آمیز سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے اور انہوں نے کئی صوبوں کے متعدد علاقوں پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ادھر افغان حکام کے مطابق شدت پسند گروپ ’داعش‘ کے ایک کمانڈر نے مشرقی صوبہ ننگرہار کے علاقے اچین میں اپنے ہی 11 ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔وائس آف امریکہ کی رپورٹ کے مطابق ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ نے صحافیوں کو بتایا کہ داعش کے کمانڈر زمین جان، جسے ابوبکر کے نام سے جانا جاتا ہے، نے اپنے ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔گورنر کے ترجمان عطااللہ نے کہا کہ اپنے ساتھیوں کو مارنے والا کمانڈر طالبان جنگجوؤں کی فائرنگ میں زخمی ہو گیا اور اب وہ طالبان ہی کے پاس ہے۔مقامی رہائشیوں اور طالبان کے بیانات کے مطابق داعش کے کمانڈر زمین جان نے اپنے ساتھیوں سے اس بنا پر بدلا لیا کہ اْنھوں نے طالبان میں شامل اْس کے بھائی کو رواں ہفتے ایک لڑائی میں ہلاک کر دیا تھا۔این این آئی کے مطابق افغان صوبے بگرام میں امریکی فورسز کے قافلے پر خودکش کار بم حملے میں ایک غیرملکی فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے ایک گروپ نے حملہ کی ذمہ داری قبول کر تے ہوئے انکشاف کیا کہ اس دوران متعدد اہلکار ہلاک ہوئے ہیںتاہم مقامی سکیورٹی حکام نے خودکش دھماکے کی خبر پر کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا۔ دوسری جانب نیٹو کی سربراہی میں قائم ایک سپورٹ مشن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی علل صبح بگرام میں امریکی فورسز کے قافلے سے ٹکرائی۔دریں اثناء جنوبی صوبہ اورگان میں پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کرکے اپنے چھ ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقامی حکام کے مطابق یہ حملہ بگرام فضائی اڈے کے قریب نصرو نامی علاقے میں کیا گیا۔ دریں اثناء جنوبی اورزگان میں پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کرکے اپنے چھ ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ چرچینو ضلع کے پولیس سربراہ محمد ہاشم کے بقول یہ واقعہ ہفتہ کو علی الصبح پیش آیا۔ ان کے بقول واقعے میں 3 اہلکار ملوث تھے جوکہ فائرنگ کے بعد یہاں سے فرار ہو گئے اور جاتے ہوئے اپنے ساتھ اسلحہ اور گاڑی بھی لے گئے۔