اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹے الزامات سے نواز شریف کی مقبولیت ختم نہیں کر سکے۔ کپتان نے الزامات کی سیاست کر کے خیبر پی کے سے اپنی چھٹی خود کرا لی۔ آف شور کا شور مچانے والے عمران خود آف شور نکلے۔ وزیر اعظم عوام کے پاس ترقیاتی منصوبوں کی فہرست لے کر جاتے ہیں جبکہ عمران الزامات کی فہرست، پنجاب میں جلسے کر رہے ہیں خیبر پی کے ”گو عمران گو“ کے نعروں سے گونج رہا ہے۔ عوامی عدالت نے ہر شہر میں عمران کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ عمران خان اخلاقی جواز جیسے لفظ کا نام نہ ہی لیں تو بہتر ہے۔ عمران خان نے بار بار جھوٹ بولا اور بے نقاب ہو گئے۔ وضاحت مانگنے والوں کو وضاحت دینا پڑ گئی۔ عمران خان نے پاکستان کی ہر باعزت شخصیت کی پگڑی اچھالی۔ علاوہ ازیں وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے سٹریٹجک تعلقات دونوں ملکوں کے باہمی مفاد میں ہیں ، پاکستان اور چین کی صدا بہار دوستی کو مزید مضبوط کریں گے، پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو 65 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک خوشی منا رہے ہیں اور چینی میلہ کا انعقاد بھی اس سلسلہ کی کڑی ہے ،پاکستان چین کے ساتھ دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے گا۔ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو 65سال مکمل ہونے پر لوک ورثہ میں 2 روزہ چینی میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں ۔
پرویز رشید