لاہور (این این آئی) سابق صدر و پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کے روحانی پیشوا پیر اعجاز نے کہا ہے کہ فقیر کبھی کسی کو نہیں چھوڑتا ارد گرد کے لوگ تعصب کے باعث دوریاں پیدا کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کے دور میں اگر ایوان صدر سے اٹھ کر واپس آ جاتا تو 10روز میں حکومت چلی جاتی، بلاول بھٹو زرداری وزارت عظمیٰ کے منصب پر اس وقت تک فائز نہیں ہو سکتے جب تک کسی پیر فقیر سے تعلق نہ جوڑ لیں، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آستانہ پر آنے کےلئے ابھی تک رابطہ نہیں کیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز نے کہا کہ آصف علی زرداری کے والدین سے محبت کی بنیاد پر ہر سال برسی مناتا ہوں، 25مئی کو حاکم علی زرداری کی برسی لاہور میں مناﺅں گا۔ انہوں نے کہا کہ آصف سے سورة یاسین پر معاہدہ اور حلف لیا ہے کہ زندگی بھر ساتھ نہیں چھوڑوں گا، زرداری سے محبت ہے کسی وزارت یا عہدے کی لالچ نہیں۔ سابق صدر کے اردگرد رہنے والی عورتیں اور مرد مفادکےلئے ساتھ جڑے ہیں، چند عورتیں اور مرد زرداری کے دل میں میرے خلاف بغض پیدا کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی زندگی کےلئے اللہ کی مرضی سے حفاظت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیر فقیر اپنی جگہ اور اپنے مریدوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتا، آصف علی زرداری میرے ساتھ رابطہ رکھیں یا نہ رکھیں دعائے خیر کرتا رہوں گا۔ لاہور اقتدار پر کون براجمان ہو گا پتہ ہے لیکن منع کیا گیا ہے۔ عمران خان نے آستانہ پر آنے کےلئے ابھی تک رابطہ نہیں کیا، جب بھی آستانے پر آئے تو میری ہی شرائط پر آئیں گے، عمران خان میرے کہنے پر عمل کریں وزیراعظم بنا دوں گا۔
روحانی پیر
فقیر کبھی کسی کو نہیں چھوڑتا‘ زرداری کیلئے دعائے خیر کرتا رہونگا: پیر اعجاز
May 22, 2017