سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارت کی طرف سے دریائے چناب کا پانی روکے جانے کے باوجود پانی میں اضافہ ہوگیا اور ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب کے پانی کی آمد بڑھ کر 49ہزار 665 کیوسک ہوگئی۔ محکمہ آب پاشی کے مطابق دریائے چناب کا پانی بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے علاقہ میں بگلیہارڈیم پر روک رکھا ہے اور پانی کی کمی کے باوجود حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریائے چناب کے پانی میں اضافہ ہوا ہے اور پانی کی آمد 18 ہزار کیوسک سے بڑھ کر 49 ہزار 665 کیوسک ہوگئی ہے جبکہ مجموعی طور پر دریائے چناب کے پانی کی ہیڈمرالہ آمد 53ہزار 524 کیوسک ہے جس میں مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دو دریاﺅں دریائے مناورتوی کا ایک ہزار 284 کیوسک پانی اور دریائے جموں توی کا 2 ہزار 532کیوسک پانی بھی شامل ہے۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب سے ہیڈمرالہ سے نکلنے والی ایک نہر اپر چناب میں 11 ہزار 400 کیوسک اور دوسری نہر مرالہ راوی لنک میں 15 ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے ۔
دریائے چناب/ پانی