بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن جانیوالی پی آئی اے کی پرواز سے 21 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، عملے کے 5افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 785 کو متعلقہ اداروں نے شبہ گزرنے پر روک لیا اور طیارے کی تلاشی اور سکینگ کے دوران 21 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ یہ تلاش انجینئرز، کسٹم حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں مشترکہ طور پر لی۔ واقعہ کی مزید تفتیش کے لئے پرواز کے عملے کے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کو شبہ ہے کہ عملے کا کوئی نہ کوئی فرد ہیروئن سمگلنگ میں ملوث ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کو روک کر تلاشی کے دوران برطانوی حکام نے ہیروئن کی برآمدگی کا دعویٰ کیا تھا۔ ادھر وزیراعظم کے مشیر شہری ہوا بازی مہتاب عباسی نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔