لاہور ( این این آئی)اسٹیج اور فلموں کی خوبرو اداکارہ مہک نور نے کہا ہے کہ بالی ووڈ سٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کی خواہش پوری نہ ہونے پر آج بھی افسوس ہوتا ہے ۔ انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ میں سلمان خان اور شاہ رخ خان میری فیورٹ اداکار ہیں مگر کسی فلم میں ہیروئن کے طور پر کام کرنے کی پہلی چوائس امیتابھ بچن ہیں ۔کیونکہ بچپن سے امیتابھ بچن کی فلمیں دیکھتی آرہی ہوں اور دل میں خواہش مچلتی تھی کہ میں ان کے مد مقابل ہیروئن کا کردار ادا کروں مگر افسوس کہ میری یہ خواہش آج بھی ادھوری ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آج بھی مجھے امیتابھ بچن کے مد مقابل کسی فلم میں کاسٹ کیا جاتا ہے تو میں بخوشی انکے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہوں ۔ مہک نور نے کہا کہ پاکستان میں بہترین سے بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور خاص طور پر اداکار شان ، ہمایوں سعید ،عمران عباس اور فواد خان قابل ذکر ہیں ان میں سے شان سب سے سینئر اداکار ہیں جنہوںنے 200سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے اور پاکستان میں میری چوائس شان ہیں جن کے ساتھ پنجابی فلموں میں کام کرنے کو ترجیح دوں گی ۔