نوازشریف کا عدالت میں بچوں اور جائیداد سے متعلق بیان شرمناک ہے : عمران خان

May 22, 2018

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کے 2 سال ضائع کئے۔ نواز شریف نے ٹیکس دہندگان کے پیسے بھی ضائع کئے۔ نواز شریف نے اب منی لانڈرنگ کو جائز قرار دینے کا بھونڈا بہانہ تراشا۔ اس کا مطلب ہے اسحاق ڈار کی طرح کوئی بھی لوٹی گئی دولت سے اولاد کو باہر منتقل کر سکتا ہے۔ یعنی اولاد کو باہر بھی منتقل کر دے، کسے نہیں معلوم کہ اولاد کے پاس رقم کہاں سے آئی۔ تین بار وزراعظم رہنے والے کا احتساب عدالت میں بیان بہت شرمناک ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ کتنے شرم کا مقام ہے کہ تین مرتبہ وزیراعظم بننے والا شخص احتساب عدالت میں کہتا ہے کہ ایون فیلڈ (لندن) جائیدادیں اس کے بیٹوں کی ہیں مگر وہ نہیں جانتا کہ ان کی خریداری کےلئے ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا، نوازشریف کے مطابق ان کے بیٹے برطانوی شہری ہیں جن پر پاکستانی قانون لاگو نہیں ہوتا، آج وہ قطری خط سے بھی دستبردار ہوگیا۔ پاکستان تحریک انصاف میں دو موجودہ اور ایک سابق ایم پی اے شامل ہو گئے۔ سرگودھا سے پیپلزپارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز، چارسدہ سے قومی وطن پارٹی کے رکن کے پی کے اسمبلی خالد خان اور شجاع آباد سے سابق ایم پی اے رانا سہیل نون نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر جہانگیر ترین، عامر کیانی اور کے پی کے کے ایم پی اے فضل خان بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے بوبڑی میں کرنل سہیل عابد شہید کے گھر جا کر غمزدہ خاندان سے تعزیت کی اور شہید کے والد، کمسن بچوں سے ملے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ شہید کے بچوں سے عمران خان نے تعریت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے والد نے قوم اور ملک کیلئے عظیم قربان دی ہے۔ ہم سب انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
عمران

مزیدخبریں