سیالکوٹ+ پسرور+ راولپنڈی (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) دو دن کے وقفہ کے بعد سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے ہرپال اور چاروا سیکٹروں پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر گولہ باری جاری رہی جس کی زدمیں آکر 4رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے۔ پاکستان رینجرز نے بھارتی بلااشتعال فائرنگ ومارٹر گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا اور بی ایس ایف کے متعدد چوکیاں تباہ کردیں۔ بھارتی سیکورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ ومارٹر گولہ باری کے دوران ورکنگ باﺅنڈری لائن پر واقعہ پاکستانی دیہات ٹھکریال اور دھمالہ ودیگرکو نشانہ بنایا اور درجنوں کی تعداد میں مارٹر گولے برسائے جو گھروں کی چھتوں اور صحن میں گرے اور اس سے مکانات اور املاک کو نقصان پہنچا ۔فائرنگ وگولہ باری کا سلسلہ صبح 4 بجے شروع ہوا جو صبح 10 بجے تک جاری رہا۔ درجنوں دیہات مکینوں کے مویشیوں سمیت انخلاءکے بعد خالی تھے اس وجہ سے مکینوں کا جانی نقصان نہ ہوا لیکن بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی وجہ سے چناب رینجرز کے دو اہلکار ارشاد اور اختر حسین زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے چاروا ہرپال میں ایک منٹ میں 39مارٹر گولے برسائے درجنوں مقامات پر سینکڑوں لوگ بیوی بچوں اور مویشیوں کے ہمراہ کھیتوں میں درختوں کے نیچے بیٹھے رہے ۔بی ایس ایف کی گولہ باری کی وجہ سے ریسکیو 1122نے اپنی چھ ایمبولینس گاڑیاں بجوات، باجرہ گڑھی، رسول پور بھلیاں، ڈالووالی،، کھوجے چیک اور سبزپیر میں بنائے گئے ریسکیو پوا¿نٹ پر موجود ہیں۔ پسرور سے نامہ نگار کے مطابق دھمالہ حاکم والا، ہرپال، گھمنام، نکھنال، بینی سلہریاں، بہلادپور، اکھنور، جروال، معراجکے، بھدوال، گنڈیال، سوجن، کرتال، لدھا گنگ، بھلے کھوکھر، جمال جنڈ اور بھگیاڑی میں زندگی جامد ہو کر رہ گئی۔ سکیورٹی ایجنسیز نے حالات معمول پر آنے تک زیرو لائن پر واقع دیہات کو خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر پسرور عمر افتخار شیرازی، بارڈر ڈیفنس کمیٹی کے صدر رانا افتخار حسین اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا شوکت علی نے ورکنگ باﺅنڈری کے قریبی دیہات کا دورہ کیا، اس موقع پر لوگوں کا مورال بلند تھا۔ انہوں نے پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان، قاتل قاتل بھارت، قاتل کے نعرے لگائے۔بھارت کے دفاعی حکام نے فائرنگ کے تبادلے میں اپنے ایک اہلکار کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی دفاعی حکام کے مطابق کنٹرول لائن پر پاکستانی فوج نے پکھرنی علاقے میں واقع بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر گولہ باری کی جس دوران حوالدار کرشنا بہادر شدید طور پر زخمی ہوا جسے فوری طور پر آرمی ہسپتال اودھمپور منتقل کیا گیا۔
بھارت فائرنگ