لاہور (این این آئی) عمران خان نے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے قائد حزب اختلاف محمود الرشید کو دو نام دیدئیے، نگراں سیٹ اپ پر مشاورت اور اتفاق رائے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب اور قائد حزب اختلاف کے درمیان آئندہ تین سے چار روز میں ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ تحریک انصاف نے پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ کیلئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے اور قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے اس حوالے سے پارٹی چیئرمیں عمران خان کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کے لئے تاحال ابھی تک کوئی نام سامنے نہیں آیا۔ یاد رہے کہ وزیر قانون رانا ثناء اللہ کہہ چکے ہیں کہ میاںمحمود الرشید انہیں دو نام پیش کر چکے ہیں جبکہ قائد حزب اختلاف کی جانب سے اس کی تردید کی گئی ہے۔