واشنگٹن (بی بی سی) سابق امریکی صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما نیٹفلکس کے لیے ٹی وی پروگرام اور فلمز بنائیں گے۔ آن لائن سٹریمنگ سروس نیٹفلکس کا کہنا ہے کہ سابق صدر اور خاتون اوّل نے ان کے ساتھ کچھ برس کا معاہدہ کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان سیریز اور فلموں میں ’سکرپٹڈ اور ان سکرپٹڈ سیریز کے لیے دستاویزی ڈرامہ اور دستاویزی فلمز اور فیچرز شامل ہوں گے۔ ان پروگرامز سے متعلق صحیح تفصیلات کا اعلان ابھی کیا جانا ہے۔ براک اوباما اور ان کی اہلیہ نے ہائیر گراؤنڈ پروڈکشن کے نام سے کمپنی بنائی ہے جو وہ مواد تیار کرے کی کو نیٹفلیکس پر نشر کیا جائے گا۔ براک اوباما کا کہنا تھا ’اپنی صدارت کے دوران سب سے خوشگوار لمحات وہ تھے جو ہم زندگی کے مختلف پہلوؤں سے تعلق رکھنے والے متاثر کن افراد سے ملتے، ان کی مدد کرتے اور ان کے تجربات سنتے تھے۔ اسی لیے مشیل اور میں نیٹفلکس کے ساتھ شراکت پر کافی پرجوش ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ہم باصلاحیت، متاثر کن اور تخلیقی لوگوں کو اکھٹا کریں گے جو لوگوں میں ہمدردی اور تفہیم اجاگر کریں گے۔ اور ان کی مدد کریں گے کہ وہ اپنی کہانی دنیا کو بتائیں۔ اس سال کے اوائل میں جب چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ براک اوباما نیٹفلکس کے ساتھ شراکت کرنے والے ہیں تو نیویارک ٹائمز نے لکھا تھا کہ ممکن ہے کہ وہ صحت عامہ، ماحولیات اور پناہ گمینوں جیسے مسائل پر مباحثہ کروائی گے۔ تاہم اخبار کے مطابق ان کا ارادہ حالیہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقیدی حملے کرنے کا نہیں ہے۔ نیٹفلکس کے چیف کانٹینٹ آفیسر ٹیڈ سرینڈوس کا کہنا ہے کہ ’براک اور مشعل اوباما ان لوگوں میں شامل ہیں جنہیں دنیا میں سب سے زیادہ احترام اور پہچان حاصل ہے۔ اور ان میں یہ منفرد صلاحیت ہے کہ وہ ایسے لوگوں کو تلاش کر کے ان کی کہانیاں دنیا کے سامنے لاتے ہیں جنہوں نے اپنے معاشروں میں تبدیلی لانے کے لیے کچھ کیا ہو اور وہ دنیا کو بدلنے کے خوہشمند ہوں۔ ہمیں فخر ہے کہ انھوں نے اپنی اس جاندار داستان گوئی کے لیے نیٹفلیکس کا انتخاب کیا۔