ملتان (کرائم رپورٹر) گھر میں آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے سے ایک سالہ بچی سمیت تین خواتین جاں بحق ہو گئیں جبکہ لاکھوں روپے کا سامان بھی جل گیا۔ کہرام مچ گیا۔ نایاب سٹی ہاؤسنگ سکیم میں واقع فرخ کے گھر اے سی کے کمپریسر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ گھر میں موجود فرخ کی بیوی رقیہ بی بی‘ اس کی ایک سالہ بچی زرمین اور 17 سالہ زینب نے خوفزدہ ہو کر خود کو واش روم میں بند کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع ریسکیو 1122 کو دی گئی تو ریسکیو و فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کیلئے آپریشن کیا۔ اس دوران دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے واش روم میں موجود بچی سمیت تینوں خواتین دم توڑ گئیں۔ریسکیو اہلکاروں نے تینوں کی نعشیں دیوار توڑ کر باہر نکالیں۔ ریسکیو ٹیموں نے 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
ملتان: اے سی کمپریسر پھٹنے سے آتشزدگی، دم گھٹنے پر خاتون، ایک سالہ بیٹی، لڑکی سمیت جاں بحق
May 22, 2018