لاہور(سپورٹس ڈیسک)سپین نے آئندہ ماہ روس میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے 23رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جہاں الویرو موراٹا اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور سپین نے صرف 3اسٹرائیکرز کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔سپین کے کوچ جیولین لوپیٹگوئی نے ورلڈ کپ کے لیے 23رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جہاں ایویرو موراٹا، سیچ فیبریگاس، مارکوس الونسو اور پیڈرو عالمی کپ کے لیے سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔سب سے حیران کن فیصلہ موراٹا کا اخراج ہے جنہوں نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں سپین کے لیے 5 گول اسکور کیے تھے23 رکنی اسکواڈ میں 8 دفاعی کھلاڑی، 3 گول کیپر، 9 مڈفیلڈر اور صرف 3 اسٹرائیکر شامل ہیں اور ورلڈ کپ جیسے اہم ترین ٹورنامنٹ کے لیے صرف تین سٹرائیکر منتخب کرنے پر ہسپانوی کوچ کو شدید نتقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔سپین کے کوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں کہ ان چند کھلاڑیوں کو منتخب نہیں کر سکا جنہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا لیکن چند دیگر کھلاڑی سکواڈ میں جگہ بنانے کے زیادہ مستحق تھے۔ٹیم سے موراٹا کے اخراج کے حوالے سے کوچ نے کہا کہ یہ ہمیشہ ہی مشکل فیصلہ ہوتا ہے۔