شیخوپورہ ، ساہیوال : گیسٹرو سے متاثرہ 3 خواتین سمیت 4 مریض جاں بحق

May 22, 2018

شیخوپورہ ، ساہیوال (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) ساہیوال میں گیسٹرو سے 3 عورتیں جاں بحق جبکہ بیسیوں افراد کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا جن میں 4 کی حالت نازک ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں درجنوں گیسٹرو کے مرض میں مبتلا مریضوں کو لایا گیا جن میں 65 سالہ زبیدہ‘ 45 سالہ آسیہ اور 42 سالہ مسرت جاںبحق جبکہ گیسٹرو کے چار مریضوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دوسری طرف شیخوپورہ میں بھی ڈائریا، اسہال اور گیسٹرو کے امراض میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز گیسٹرو میں مبتلا گارڈن ٹائون کا رہائشی سلیم چیمہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ بچوں میں گیسٹرو میں اضافہ تشویشناک ہے۔ ضلع بھر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد متاثرہ مریضوں کو لایا گیا جن میں خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں۔ واضح رہے گیسٹرو میں اضافے کی وجہ کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ اور غیرمعیاری اشیاء خوردونوش بتائی گئی ہے۔

مزیدخبریں