لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ٹیوٹا کے تعاون سے پی ایف سی فرنیچر سازی سے وابستہ افرادی قوت کیلئے 4 ماہ دورانیئے کے تربیتی کورس کا آغاز کرے گی اور پہلے مرحلے میں 500 طلباء کو تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات فرنیچر انڈسٹری کے سٹیک ہولڈرز کے ایک اجلاس میں بتائی۔ اجلاس میں ملک بھر سے فرنیچر سازوں اور سٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فرنیچر سیکٹر کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے تجاویز پیش کیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہاتھ سے تیار عالمی معیار کے روایتی فرنیچر کے مینوفیکچررز کو ٹھوس لکڑی، روز ووڈ، کی قلت اور تربیت یافتہ ہنر مندوں کی کمی کی وجہ سے بڑے آرڈرز کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری نہ صرف جی ڈی پی میں اضافہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے بلکہ اس سے مختلف مہارتوں کے حامل افراد کو بڑی تعداد میں روزگار بھی مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے قدم کے طور پر ہمیں اپنے جنگل کا رقبہ 5 فیصد سے 25 فی صد تک بڑھانا ہوگا تاکہ فرنیچر کے لئے درکار پختہ لکڑی، روزووڈ، حاصل کی جا سکے۔دوسری طرف ہمیں تربیت یافتہ اور جدید مشینری کا استعمال جاننے والی افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔
پاکستان فرنیچر کونسل ٹیوٹا کے تعاون سے 4 ماہ دورانیئے کے تربیتی کورس کا آغاز کریگی: کاشف اشفاق
May 22, 2018