بھارت نے سوپر سونیک براہموس کروز میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈو رشین جوائنٹ وینچر براہموس سوپر سونیک کروز میزائل کا، ریاست اڑیسہ کے ساحلی علاقے میں کامیاب تجربہ کیا گیا- یہ تجربہ ریاست اڑیسہ کے چاندی پور علاقے میں بنائے گئے ٹیسٹ رینج آئی ٹی آر سے ایک موبائل لانچر اسٹیشن سے کیا گیا- اس بات کی اطلاع بھارت کے دفاعی تحقیقاتی اور ترقیاتی ادارے ڈی آر ڈی او نے دی- بھارتی وزیر دفاع نے ایک ٹوئٹ کر کے براہموس کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں اور میزائل پروگرام پر کام کرنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے- بھارت نے اس سے پہلے گذشتہ مارچ کے مہینے میں ریاست راجستھان کے پوکھرن علاقے میں اسی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا- ہندوستان اور روس کے باہمی تعاون سے تیار کردہ براہموس میزائل زمین اور ہوا میں دشمن کے اہداف کو تباہ کرنے کی توانائی رکھتا ہے.