صنعاء (این این آئی )یمنی زمینی افواج نے صعدہ صوبے کے ضلع الحشوہ میں اہم پیش قدمی کرتے ہوئے جبال النھدین، سمر اور الذیبہ کے علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے جبکہ لڑائی میں حوثی ملیشیا کو بھاری جانی نقصان پہنچا اور اس کے 39 ارکان ہلاک اور60سے زائد زخمی ہو گئے۔یمن میں سرکاری فوج نے منگل کی صبح صعدہ صوبے کے ضلع الحشوہ میں اپنی زمینی پیش قدمی جاری رہنے کا اعلان کیا ہے۔ یمن کے انتہائی شمال میں باغی حوثی ملیشیا کے اس گڑھ میں کارروائی کے دوران یمنی فوج کو اتحادی طیاروں کی معاونت بھی حاصل ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی فوج میں نائنتھ بریگیڈ کے کمانڈر میجر جنرل محمد العملسی نے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاکہ زمینی افواج نے الحشوہ میں اہم پیش قدمی کو یقینی بنایا ہے۔ دریں اثناء عالمی ادارہ خوراک کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ ایران نواز حوثی ملیشیا کے ہاتھوں امدادی سامان کی لوٹ اور غبن کے بڑھتے واقعات کے باعث حوثیوں کے زیر تسلط علاقوں میں امدادی کارروائیاں بند ہونے کا اندیشہ ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عالمی ادارہ خوراک کی طرف سے جاری کردہ ایک مکتوب میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ امداد دینے والے ممالک حوثیوں کے زیرقبضہ علاقوں میں امداد کی فراہمی کے حوالے سے مایوس ہیں۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے قبضے میں آنیوالے علاقوں میں امداد مستحق لوگوں تک نہیں پہنچ رہی ہے۔عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ پیزلی کی طرف سے حوثیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے چیئرمین مھدی المشاط کو ارسال کردہ انتباہی مکتوب میں خبردارکیا گیا ہے کہ لوٹ مار کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو امدادی آپریشن آگے نہیں بڑھ سکتا۔