اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج کے ریمانڈ میں30 مئی تک توسیع

کراچی(وقائع نگار)آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے ریمانڈ میں 30مئی تک توسیع کردی گئی ہے جبکہ ریفرنس کی تیاری کیلئے نیب افسر نے مزید مہلت طلب کرلی ہے۔منگل کواسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،جہاں نیب حکام بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر ہی نیب حکام نے ریفرنس کی تیاری کیلئے مزید مہلت دینے کی استدعا کی ، جسے عدالت نے منظور کرلیا اس کے ساتھ ساتھ آغا سراج درانی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30مئی تک توسیع کردی۔پیشی سے قبل آغا سراج نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی، جہاں ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ اگر آج آپ کے خلاف ریفرنس بن گیا ہے تو اسکا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں؟ جس پر آغاسراج درانی نے کہا کہ تحقیقات ہوتی رہتی ہیں، جواب دینے کے لیے تیاری ہونی چاہیے۔اس موقع پر صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ میرے ملازم کام چھوڑ کر کیوں جائینگے؟انہوں نے نے غلط کام تھوڑی کیا ہے۔صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ پیپلز پارٹی نے لاڑکانہ کو پیرس بنانے کی باتیں کی تھی، وہ جگہ ایڈز کا گڑھ بن چکی ہے، جس پر اسپیکر سندھ اسمبلی ایڈز پر سوال کا جواب گول کرگئے۔

ای پیپر دی نیشن