لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک مرتبہ پھر ناراض اولمپینز کو منانے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی دوروں میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کا ڈیلی الاونس ڈالرز کی بجائے پاکستانی روپے میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر پی ایچ ایف بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے سب سے پہلے ناراض اولمپیئنز کو منایا جائے اس سلسلہ میں سب سے پہلے لاہور میں اولمپینز فورم کے سربراہ اولمپیئن منظور جونیئر کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں دعوت دی جائے گی کہ آئیں کھیل کی ترقی کے لیے ملکر کام کریں جبکہ جمعرات کو کراچی جا کر وہاں کے ناراض اولمپینز کو منایا جائے گا۔ جب چارج سنبھالا تو اس بات کا عزم کیا تھا کہ اولمپیئنز کی عزت کو بحال کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں اولمپک فارم کے سربراہ سابق کپتان منظور جونئیر سے ملاقات کریں گے، جمعرات کو کراچی میں اصلاح الدیں، سمیع اللہ، حسن سردار، ایاز محمود، شاہد علی خان، ناصر علی، وسیم فیروز، قمر ابراہیم، کامران اشرف ، حنیف خان اور دوسرے اولمپئنز سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے الزامات پر ادارے موجود ہیں، پی ایچ ایف کا گزشتہ ساڑھے تین سال کا فرانزک آڈٹ ہوچکا اگرکچھ بے قاعدگیاں نظر آئیں تو رپورٹ سامنے آجائے گی۔ اولمپکس کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کا انحصار بیس جون کو ہونے والی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی میٹنگ پر ہوگا ، جس میں صدر خالد سجاد کھوکھر اور قانونی مشیر ساجد بشیر شرکت کرینگے اور پاکستان کا موقف پیش کرینگے۔ جس کے نتجے کے بعد پتہ چلے گا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے کتنے مواقع ملتے ہیں کہ نہیں۔ امید ہے کہ پرولیگ میں عدم شرکت پر ہونے والے جرمانہ پر نظر ثانی کی جائے گی۔ ڈالر کی جس طرح مارکیٹ میں آئے روز قدر بڑھتی اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ غیر ملکی دوروں میں ڈالرز کی بجائے پاکستانی روپے میں کھلاڑیوں کے ڈیلی الاونس دیئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ پاکستانی روپے کی ساکھ بحال کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ہاکی کھلاڑیوں کی ڈیلی الائونس ڈالرز کی بجائے روپے میں دینے کا فیصلہ
May 22, 2019