لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) واپڈا نے اپنے چار فٹ بالرز کو عالمی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کیلئے جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں لگائے گئے تربیتی کیمپ میں رپورٹ کرنے ہدایت جاری کر دی ہے، تربیتی کیمپ 5 مئی سے جاری ہے۔ واپڈا کے چار جبکہ سوئی سدرن گیس اور کراچی الیکٹرک کے دو، دو کھلاڑیوں نے ابھی تک تربیتی کیمپ میں رپورٹ نہیں کی۔پاکستان واپڈ سپورٹس بورڈ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن) محمد اظہر اقبال کی جانب سے جاری خط میں عمر حیات اور احمد فہیم، گیپکوکے محمد بلال اور فیسکو کے علی عزیر سے کہا گیا ہے کہ وہ تربیتی کیمپ میں رپورٹ پیش کریں ورانہ تربیتی کیمپ میں رپورٹ نہ کرنے پر ان کھلاڑیوں کے خلاف محکمانہ قانونی کاروائی کی جائیگی۔اس کے علاوہ سوئی سدرن گیس اور کراچی الیکٹرک کے بھی دو، دو کھلاڑیوں نے ابھی تک تربیتی کیمپ جوائن نہیں کیا جن میں سوئی سدرن گیس کے کھلاڑی محمود خان اور احسان اللہ (گول کیپر) جبکہ کراچی الیکٹرک کے محمد ریاض اور جلیل شامل ہیں اور ان کھلاڑیوں کے خلاف ابھی تک سوئی سدرن گیس اور کراچی الیکٹرک کی جانب سے کوئی کاروائی سامنے نہیں آئی۔واضع رہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام عالمی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ جناح سٹیڈیم، اسلام آباد میں جاری ہے ۔جس میں ملک بھر سے 30 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ طارق لطفی کے علاوہ کوچز نیشنل بینک آف پاکستان کے سید ناصر اسماعیل، خان ریسرچ لیبارٹریز کے عمر فاروق خان اور نیوی کے محمد رمضان تربیت دے رہے ہیں جبکہ ٹیم کے ہمراہ فزیو فرائض محمد شاہد انجام دے رہے ہیں۔
واپڈا نے 4فٹبالرز کو عالمی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے تربیتی کیمپ طلب کرلیا
May 22, 2019