لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ملک عمر فاروق کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی مناسب رہنمائی اور ان کے مسائل حل کیے بغیر کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی۔نوجوان ہمارا مستقبل ہیں انہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہم جامع اور مضبوط حکمت عملی بنائیں گے تاکہ نوجوان مکمل یکسوئی کے ساتھ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس سلسلہ میں تمام اداروں اور متعلقہ وزارتوں اور اہم شخصیات کو ساتھ ملایا جائے گا تاکہ بہتر انداز میں کام کر کے جلد نتیجہ حاصل کیا جا سکے۔ ہماری پوری توجہ بذریعہ کھیل نوجوان نسل کو متحرک کرنا اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر باصلاحیت کھلاڑی کو بہترین سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ انصاف پر مبنی نظام قائم کریں گے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔ ہم پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ ملا کر کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کے مسائل حل کریں گے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر ہر طرح کی پریشانیوں سے آزاد ہو کر ملک کی نمائندگی کریں۔ پنجاب میں تمام کھیلوں کا ٹیلنٹ موجود ہے نچلی سطح پر نظام میں موجود خامیوں کو دور کر کے میرٹ کو یقینی بنایا جائیگا۔ ہماری کوشش ہے کہ انفرادی کھیلوں کی زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے۔ ٹیلنٹ کی تلاش اور اسے نکھارنے میں حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔