گوجرانوالہ‘ پشاور (نمائندہ خصوصی‘ صباح نیوز) ملکی معیشت مضبوط کرنے کیلئے شہری ڈالر کیخلاف میدان میں آگئے، گوجرانوالہ میں نوجوانوں نے ڈالر کا بائیکاٹ کرتے ہوئے انہیں آگ لگا کر انوکھا احتجاج ریکارڈ کروایا اور پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ ڈالر کو پاکستانی کرنسی میں تبدیل کر لیں یا پھر اسے جلا دیں، ڈالر کا بائیکاٹ کریں اور پاکستانی معیشت مضبوط کریں۔ سپیکر خیبر پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے بھی ڈالرزبائیکاٹ مہم کا حصہ بن کر سوشل میڈیا پر مہم شروع کردی۔ ڈالرکی اڑان کے بعد سوشل میڈیا پر ڈالرز سے بائیکاٹ کی مہم شروع کردی گئی ہے۔ اس مہم میں مشتاق غنی بھی شامل ہوگئے ہیں۔ سپیکر اسمبلی نے کہا ہے کہ بائیکاٹ کا مقصد ڈالرائزیشن سے پاکستانی کرنسی اور ملکی معیشت کو تباہ کن اثرات سے بچانا ہے، پاکستانی ڈالر خریدنے اور اسے جمع کرنے سے اجتناب کریں، ڈالر کی قیمت میں اضافے پر سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مہم تیزی سے جاری ہے جس میں کافی دلچسپی لی جارہی ہے۔