لاہور (نوائے وقت نیوز)میئر لاہور اور ڈی جی ایل ڈی اے کے اختیارات سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو ڈی جی ایل ڈی اے کو تبدیل کرنے کی اجازت دے دی، یہ اجازت سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی یقین دہانی پردی۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے دوران سماعت کہا کہ موجودہ ڈی جی ایل ڈی اے کو تبدیل کر کے نیا ڈی جی لگائیں گے، موجودہ ڈی جی کو ان کے عہدے کے مطابق نئی جگہ تعینات کیا جائے گا۔جسٹس عظمت سعید نے اپنے استفسار کیا کہ ڈی جی کی تبدیلی پر ایل ڈی اے ون منصوبے کا کیا بنے گا؟ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ ایل ڈی اے ون منصوبہ اپنے مقررہ وقت پر مکمل کریں گے۔ڈی جی ایل ڈی اینے کہا کہ میری پروموشن کے مسائل ہیں،مجھے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا تو توہینِ عدالت کی کارروائی ہو گی، پروموشن کا معاملہ وفاقی حکومت کا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پروموشن کے لیے فیڈرل سروس ٹریبونل سے رجوع کریں۔