سلیکٹڈ وزیراعظم کو ریاستی امور کا کوئی علم نہیں، بلاول

May 22, 2019

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو ریاست کے امور کا کوئی علم ہی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملک تیزی سے معاشی بحران کا شکار ہو رہا ہے۔ روپے کی قدر میں کمی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام کی مشکلات میں بے انتہا اضافہ ہوگا۔ منگل کے روز زرداری ہائو س اسلام آباد میں گلگت کے ضلع دیامیر کے نائب صدر حاجی دلبر خان کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو صوبہ قرار دے کر صوبے کے عوام کو اپنا گورنر اور اپنی مرضی کی حکومت منتخب کرنے کا حق دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا خواب محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا تھا۔ ان کی خواہش تھی کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بھی تعلیم، صحت کی وہی سہولیات فراہم ہوں جو باقی ملک کے عوام کو حاصل ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے تمام خواب کی تعبیر کرے گی۔ اس موقع پر حاجی دلبر خان نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو گلگت بلتستان خاص طور پر دیا میر کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن جہاں بھی آباد ہیں مجھے دل و جان سے عزیز ہیں۔

مزیدخبریں