لاہور، کراچی (کامرس رپورٹر+ ایجنسیاں)روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ مسلسل چوتھے کاروباری روز بھی جاری رہا اور انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 2.27روپے بڑھ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 3روپے اضافہ ہوا۔انٹربینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر سوا تین روپے کے اضافے سے 153 روپے کا بھی فروخت ہوا۔سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 2 روپے 27 پیسے کے اضافے سے 151 روپے 92 پیسے رہی واضح رہے کہ چار کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 7.4 فیصد مہنگا ہو چکا ہے انٹر بینک مارکیٹ میں یورو مزید 2 روپے 47 پیسے مہنگا ہو کر 169 روپے 39 پیسے اور برطانوی پاونڈ 2 روپے 11 پیسے مہنگا ہو کر 192 روپے 82 پیسے کا ہو گیا۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری اوقات کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 3 روپے کے اضافے سے 154 روپے ہو گئی اوپن مارکیٹ میں یورو 2 روپے مہنگا ہو کر 171 روپے اور برطانوی پاونڈ 2 روپے 50 پیسے مہنگا ہو کر 194 روپے کا ہو گیا روپے کی مسلسل بے قدری کے باعث چند روز کے دوران ہی ملک پر بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 1200 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ سونے کی قیمت فی تولہ 600 روپے اضافے کے ساتھ 72 100 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔دوسری طرف یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے سبب پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہوں گی۔