لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) ملک کی مختلف مذہبی وسیاسی جماعتوں اور مختلف مکاتب فکر کے قائدین نے سعودی عرب اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہاء پسند اور دہشت گرد گروہوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف مسلم ممالک کو متفقہ حکمت عملی بنانی ہو گی ، مکہ المکرمہ اور سعودی عرب کے دیگر شہروں پر میزائل اور ڈرون حملے نا قابل قبول ہیںاور ایران اور عرب ممالک کے درمیان تنازعات کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ حوثی باغیوں اور دیگر دہشت گرد گروہوں اور جماعتوں کی معاونت ختم ہو، امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد سے ہی مسئلہ کشمیر و فلسطین حل ہوں گے، حضرت علی ہجویری کے مزار ، مسجد اور بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے کی سازش تھی جسے ناکام بنایا گیا ہے، پاکستان علماء کونسل اور اس کی حلیف جماعتیں 20 رمضان تا 30 رمضان عشرہ تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ منائیں گی ، یہ بات پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ، کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد والمدارس پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ، کانفرنس سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد، پیر نقیب الرحمن ، پروفیسر ذاکر الرحمن ، علامہ سجاد حسین شیرازی ، مولانا ابو بکر صابری ، علامہ سید محمد ہادی الحسینی، مولانا ضیاء الحق ، صدر اسلامک یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش ، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا نعمان حاشر ، علامہ فاروق سعیدی، مولانا طاہر عقیل اعوان، قاری ممتاز ربانی ، مولانا اسد اللہ فاروق ، علامہ طاہر الحسن ، قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا الیاس مسلم، مولانا قاسم قاسمی، علامہ زبیر زاہد نے بھی خطاب کیا ، کانفرنس میں مختلف اسلامی ممالک کے سفارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔