اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے مکہ پر دو میزائل داغنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی فورسز نے قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں میزائل مار گرائے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرہ کے تدارک کیلئے پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی ایئر ڈیفنس فورسز نے پیر کے روز طائف کی فضاؤں میں دو بیلسٹک میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔سعودی حکام کے مطابق طائف کے علاقے میں دو میزائلوں کو نشانہ بنایا گیا، ایک میزائل کا رخ مکہ اور دوسرے کا رخ جدہ کی جانب تھا۔العربیہ نے کہا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا جنھیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔
پاکستان کی حوثی باغیوں کی طرف سے مکہ پر میزائل داغنے کی مذمت
May 22, 2019