کراچی (کامرس رپورٹر ) فیڈرل بورڈ آف ریونیونے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر عمل درآمد کے لیے ڈرافٹ رولز تیار کرلیے ہیں اور ساتھ ہی ڈرافٹ رولز پراسٹیک ہولڈرز سے 22 مئی تک تجاویزبھی مانگ لی گئی ہیں۔اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز ملنے کے بعد ایمنسٹی اسکیم کے ڈرافٹ رولز کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ایف بی آر کی طرف سے تیارکردہ ڈرافٹ رولز کے مطابق جن افراد نے سال 2018کے اِنکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروائے ان کو 30 جون 2018تک کے ریٹرن اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ جمع کرانا ہوگی۔اسی طرح جن تاجروں نے اپنی سیلز(فروخت کی گئی اشیاکی قیمت)چھپائی ہیں ان کو جولائی 2014سے جون 2018تک کے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے کے ریٹرن داخل کراناہونگے۔