اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+ کامرس رپورٹر+ شنہوا+ نوائے وقت نیوز) پاکستان میں کرونا وبا کا پھیلاؤ ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز ہو رہا ہے اور گزشتہ روز بھی نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد49497جبکہ مزید 43 اموات، تعداد 1052ہوگئی۔ سندھ میں کرونا وائرس کے ایک روز میں 960 نئے کیسز اور ریکارڈ 20 اموات سامنے آگئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 960 لوگ متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 924 ہوگئی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 اموات بھی ہوئیں جو اب تک کی صوبے کی ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اچانک کرونا وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 2 روز میں تقریباً 100 کیسز یومیہ رپورٹ ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 97 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی۔ ان نئے کیسز کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز 1138 سے بڑھ کر 1235 ہوگئے جبکہ ایک موت کے اضافے سے مجموعی اموات 10 تک جاپہنچیں۔محکمہ صحت پنجاب نے کورونا کے 697 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 17 ہزار 382 ہوگئی۔بیان میں پنجاب میں وبا سے مزید 7 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 297 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کرونا وائرس کے 340 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 7155 ہوگئی۔ بیان میں مزید 14 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات 365 ہوگئی ہیں۔ پشاور میں 7، باجوڑ اور کرک میں 2، 2 جبکہ چارسدہ، ایبٹ آباد اور کوہاٹ میں کرونا کا ایک، ایک مریض دم توڑ گیا۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق گلگت میں کرونا وبا کے 23 نئے مریض سامنے آئے، جس کے ساتھ ہی وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 556 سے بڑھ کر 579 ہوگئی۔ ادھر آزاد کشمیر میں بھی کرونا کے کیسز اچانک بڑھ گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں مزید 15 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 133 سے بڑھ کر 148 ہوگئی ہے۔ ملک میں اب تک اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 13 ہزار 101 سے بڑھ کر 14 ہزار 155 ہوگئی۔ لاہور کے جنرل ہسپتال میں آرتھوپیڈک وارڈ کے 18 ڈاکٹرز کرونا سے متاثر ہوگئے جس کے بعد ایم ایس جنرل ہسپتال نے ابتدائی طور پرآرتھوپیڈک وارڈ کو تین روز کے لیے بند کردیا۔ لاہور کے جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق آرتھوپیڈک وارڈ کے 18 ڈاکٹروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آرتھوپیڈک وارڈکے سربراہ نے پرنسپل کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ وارڈ کے باقی ڈاکٹروں کو کورنٹائن کردیا گیا ہے اس لیے آرتھوپیڈک وارڈ کو 10 روز کے لیے بند کردیا جائے۔ ایم ایس جنرل ہسپتال محمود طارق کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں کیسز سامنے آنے پر ابتدائی طور پر وارڈ کو 3 دن کے لیے بند کرکے ڈس انفیکٹ کیا جارہا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنس کے 3 ڈاکٹروں اور 2 نرسزکا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ سٹیج‘ ٹی وی اور فلموں کے نامور اداکار صغیر الٰہی کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔ اداکار کی تدفین ایدھی رضاکاروں نے ایس او پیز کے تحت کی گئی۔ لاڑکانہ میں کھچی برادری سے تعلق رکھنے والے صغیر الٰہی کے انتقال کے بعد کھچی برادری سے تعلق رکھنے والے متوفین کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے عید الفطر تک بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار رات 10بجے تک بڑھا دیئے اور فیصلے کا اطلاق آج جمعہ سے ہوگا۔ یہ فیصلہ کرونا کے لئے قائم کابینہ کی سب کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کا اعلان صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ویڈیو بیان کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار کو شام پانچ بجے سے بڑھا کر 10 بجے تک کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بازاروں میں رش کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ تاجروں اور عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے مطابق تمام مزارات بھی آج جمعہ سے چوبیس گھنٹے کے لئے کھلے رہیں گے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے پنجاب حکومت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو یہ فیصلہ پہلے ہی کر لینا چاہیے تھا تاکہ بازاروں میں خریداروں کا رش کم ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے سے خریداری کرنے والوں کو بھی آسانی میسر آئے گی۔ آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے بھی حکومت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے تاجروں اور عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کیلئے وقت بڑھانے سے بازاروں میں رش کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور عوام سے اپیل ہے کہ کورونا سے بچائو کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما عطاء اللہ تارڑ بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ عطاء اللہ تارڑ نے ٹوئٹر پیغام میں کرونا وبا کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا کرونا کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے، وہ لوگ جو گذشتہ دنوں مجھ سے رابطے میں رہے ہیں وہ بھی اپنا ٹیسٹ کروا لیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مارکیٹیں کھلنے کے ایک ماہ بعد کرونا سے اموات میں بھی اضافہ ہوگا۔کرونا کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا سندھ میں ڈاکٹرز اور نرسز سمیت طبی عملے کے 364 افراد متاثر ہوئے، 7 ڈاکٹرز کرونا سے شہید بھی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 274 پولیس اہل کار اور 20 رینجرز اہلکار متاثر ہوئے ہیں جب کہ 5 پولیس اہلکاروں کی کرونا کے باعث شہادت بھی ہوئی۔ وفاقی وزراء اور سندھ میں اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے حوالے سے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہا جا رہا ہے کہ سیاست کر رہا ہوں، ہاں میں لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے سیاست کر رہا ہوں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے جو بھی فیصلے کیے اس پر سب نے عمل کیا، اگر اتنے غلط فیصلے ہوتے تو کوئی عمل نہ کرتا، سب نے اپنی تقریروں میں لاک ڈاؤن کے فائدے بتائے۔ ان کا کہنا تھا اسمبلی میں بتاؤں گا کہ کس طرح لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کوشش کی گئی، لسانی رنگ دیا گیا کہ کراچی سے دشمنی کی جا رہی ہے، میں بتاؤں گا کہ معیشت کے اعداد وشمار میں کیسے فراڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کیسز زیادہ ہوں گے وہاں اقدامات بھی زیادہ لیے جائیں گے، میڈیا دکھا رہا ہے کہ لوگ بازاروں میں شاپنگ کر رہے ہیں، مارکیٹیں کھلنے کے ایک ماہ بعد اموات بھی زیادہ ہوں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عید کا دن فرنٹ لائن ورکرز کے نام کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ اس سال عید سادگی کے ساتھ گھروں میں رہ کر منائیں۔ ان کا کہنا تھا میں نے بھی اس عید پر کپڑے نہیں سلوائے، اس موقع پر کیسے عید منا سکتا ہوں؟۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ مختلف ممالک میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ جمعرات کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا بھر سے ریکارڈ ایک لاکھ چھ ہزار نئے مریض رپورٹ کیے گئے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید1561 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 95 ہزار ہوگئی ہے۔ وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1593039تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ کے بعد سب سے زیادہ مریض روس، برازیل اور برطانیہ میں ہیں۔ دریں اثناء چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ روز کرونا وائرس کے دو نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ برازیل ایک دن میں 20 ہزار نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ انڈونیشیا میں ایک دن میں 700 نئے افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ادھر بھارت میں وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 5609 کیس سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 112359 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا ایشیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے۔
کرونا:پاکستان ، مزید43اموات، پنجابؔ: عید کیلئے دکانیں، شاپنگ مالز رات 10بجے تک کھولنے کی اجازت
May 22, 2020