اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے چینی بحران پر تشکیل دیئے گئے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔ جمعرات کو چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد جہانگیر ترین نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پورا ٹیکس ادا کرتا ہوں اور خود پر لگے تمام الزامات کا جواب دے کر خود کو سچا ثابت کروں گا۔ میں اپنے تمام تر ٹیکسز ایمانداری سے ادا کرتا ہوں۔ مجھ پر کاروبار کے لئے دو طرح کے کھاتے بنانے کا الزام سرا سر جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان جانتا ہے میں اپنے کسان کو گنے کی پوری قیمت ادا کرتا ہوں۔ میں نے ہمیشہ دیانت داری سے کاروبار کیا ہے۔ پورا ٹیکس اداکرتا ہوں اور تمام الزامات کا جواب دوں گا۔ ایف آئی اے رپورٹ میں مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندا ہیں۔
علاوہ ازیں جہانگیر ترین نے نجی ٹی وی کو شوگر رپورٹ پر ردعمل میں انٹرویو میں کہا ہے کہ کمشن کو یہ چیک کرنا تھا کہ چینی کی قیمت کیوں بڑھی۔ چینی مہنگی ہونے پر کمیشن نے بات نہیں کی۔ شہزاد اکبر نے چینی کی پیداواری لاگت کا اپنا ہی طریقہ نکالا ہے۔ ایسا نہیں ہو سکتا پوری انڈسٹری غلط ہو اور کمیشن ٹھیک ہو۔ ہم ہر کسی کا شناختی کارڈ چیک نہیں کر سکتے۔ لوگ ایڈوانس دے کر چینی مرضی سے اٹھاتے ہیں۔ چینی مہنگی کرنے پر سٹہ کی مذمت کرتا ہوں۔ سستا گنا خریدنے سے متعلق میری مل پر الزام نہیں لگایا گیا۔ شوگر انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنے پر سپورٹ کرونگا۔