معمار نوائے وقت مجید نظامی کی چھٹی برسی منائی گئی، قرآن خوانی ، دعا

May 22, 2020

لاہور+ اسلام آباد+ ملتان+کراچی (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگار+ سپیشل رپورٹر+سٹاف رپورٹر) معمار نوائے وقت، امام صحافت اور آبروئے صحافت ڈاکٹر مجید نظامی کی چھٹی برسی 27 رمضان المبارک کو منائی گئی۔ اس موقع پر روزنامہ نوائے وقت ہیڈ آفس لاہور، اسلام آباد، کراچی، ملتان اور کوئٹہ سمیت بیرون ملک تمام نوائے وقت دفاتر میں خصوصی طور پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے شرکا نے ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلے کو بھی برقرار رکھا۔ نوائے وقت ہیڈ آفس لاہور کی مسجد میں بعد نماز ظہر کے بعد قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ڈائریکٹر ایڈمن کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، انچارج ایڈیٹوریل سعید آسی، فضل حسین اعوان، منیجر ایچ آر شفیق سلطان، ہیڈ آف آئی ٹی قیصر ندیم، جی ایم فنانس عماد صدیقی سمیت نوائے وقت، فیملی میگزین، ندائے ملت، سنڈے میگزین اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ حافظ محمد عمران نے دعا کرائی جس میں ڈاکٹر مجید نظامی کے بلند درجات، ملکی سلامتی، کرونا وائرس کی وبا سے محفوظ رہنے، کشمیر، فلسطین اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کی حفاظت کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔ واضح رہے کہ ملکی صحافت میں گرانقدر خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر مجید نظامی کا انتقال 2014ء میں 27 رمضان المبارک کو ہوا تھا۔ ڈاکٹر مجید نظامی زندگی بھر نظریہ پاکستان کے تحفظ، ملک میں جمہوریت کی بالا دستی، صحافت کی آزادی، کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ وہ جمہوری حکومتوں کو بھی ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کا درس دیتے رہے۔ ڈاکٹر مجید نظامی نے ملکی صحافت پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے تک نوائے وقت کے ایڈیٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے رہے۔ وہ ہر دور میں جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہتے رہے۔ وہ ہر دور میں ہر فورم پر دلیری کے ساتھ نظریہ پاکستان کا دفاع کرتے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے رہے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر ایڈمن کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، انچارج ایڈیٹوریل سعید آسی سمیت بڑی تعداد میں نوائے وقت میں کام کرنے والے افراد نے ڈاکٹر مجید نظامی کے مزار پر جا کر فاتحہ خوانی کی اور قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اسلام آباد نوائے وقت آفس میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے ملک قوم کے لیے ان کی خدمات کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ریذیڈنٹ ایڈیٹر جاوید صدیق نے کہا کہ مجید نظامی زندگی بھر نظریہ پاکستان کے تحفظ، ملک میں جمہوریت کی بالادستی، صحافت کی آزادی، کشمیر کی آزادی اور ملک کی نظریاتی اساس کی حفاظت کے لیے جدو جہد کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مجید نظامی نے ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لیے کوششیں کیں۔ ان کی ملک کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان ہی نہیں بلکہ وہ عالمی صحافت کے لیے بھی ایک مثال ہیں ان کی نظریہ پاکستان سے محبت بے مثال تھی۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی سازش کے سامنے وہ سینہ سپر ہو جاتے تھے۔ مجید نظامی ہر دور میں جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہتے رہے اور ڈٹ کر نظریہ پاکستان کی حفاظت کی۔ دعائیہ تقریب میں نوائے وقت کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نوائے وقت ملتان کی مسجد میں ختم قرآن اور دعائے مغفرت کی گئی۔ اس موقع پر ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت شمیم اصغر راؤ نے کہا کہ جناب مجید نظامی ایک عہد کا نام ہیں۔ انہوں نے ظالم کے سامنے کلمہ حق کہنے کا حوصلہ دیا۔ آج بھی ان کے افکار اور خیالات طلبہ و طالبات کے لئے مشعل راہ ہیں۔ دو قومی نظریہ کے فروغ میں بھی ان کا کردار مثالی رہا ہے۔ پوری قوم ان کے لئے دعاگو ہے۔ کارکنان نوائے وقت بھی ان کے لئے دعا گو رہتے ہیں۔ دعائے مغفرت مولانا حافظ محمد اصغر نے کرائی۔ تقریب میں میگزین ایڈیٹر سلیم ناز‘ چیف رپورٹر محمد نوید شاہ‘ ڈسٹرکٹ نیوز انچارج محمد اظہر‘ شعبہ اشتہارات سے شہباز سمیع‘ ملک سرفراز‘ رپورٹنگ سے فرحان ملغانی‘ عارف کالرو‘ ملک محمد اعظم‘ ظفر اقبال‘ محمد محسن‘ ریاض خان‘ فوٹو گرافر شہزاد نصیر‘ شعبہ نیوز سے محمد وسیم راؤ‘ جاوید اقبال‘ عابد بشیر‘ سید ساجد علی بخاری‘ شعبہ کمپیوٹر سے محمد طاہر‘ طالب حسین‘ محمد عرفان‘ اعجاز حسین‘ سرکولیشن انچارج علی عباس‘ شعبہ ایکسچینج سے محمد رمضان‘ شعبہ ایڈمن سے سید ساجد شاہ‘ محمد مزمل نے بھی شرکت کی۔
کراچی آفس میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ برانچ منیجر محسن قدیر نے دعا کرائی۔ مجید نظامی کی صحافت اور ادارے کے لئے گراں قدر خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ادارے کے استحکام، رمیزہ نظامی اور کارکنوں کی صحت کے لئے بھی دعا کی گئی۔ ریذیڈنٹ ایڈیٹر امین یوسف کے علاوہ عبدالمجید، سلمان احمد، نعیم خان، اعجاز رانا، سرفراز احمد اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔
نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں دعائیہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے میاں فاروق الطاف نے کہا کہ مجید نظامی مرحوم ایک لیجنڈ تھے۔ ان کا کوئی نعم البدل دور دور تک دکھائی نہیں دیتا۔ حکمران اور عوام ان کی عظمت کردار کی بدولت ان کی عزت کرتے تھے۔ انہوں نے پاکستان کی صحافت اور سیاست پر انمٹ نقوش مرتب کیے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید‘ حامد ولید، ٹرسٹ کے عہدیداران اور دیگر حضرات موجود تھے۔ شرکائے محفل نے محترم مجید نظامی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی۔ دعائیہ محفل کے اختتام پر میاں فاروق الطاف کی جانب سے شرکاء کے لیے افطاری کا اہتمام کیا گیا۔
مجید نظامی تقریبات

مزیدخبریں