سعودی مانیٹرنگ ایجنسی ’ساما‘ کا کہنا ہے کہ کرنسی کو ’کورونا وائرس‘ سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام تراختیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دی گئی ہیں۔سعودی مانیٹرنگ ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرنسی نوٹوں اور سکوں کو جو بیرون مملکت یا اندورن ملک سے مرکزی بینک میں آتے ہیں انہیں سینیٹائز کرنے کے بعد 14 سے 20 دنوں تک مخصوص بکسوں میں رکھا جاتا ہے جس کے بعد انہیں مختلف بینکوں کو فراہم کیاجاتا ہے تاکہ کرنسی کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔مانیٹنرنگ ایجنسی نے اس حوالے یقین دہانی کرائی ہے کہ ’ساما‘ کرنسی کو مارکیٹ میں لانے سے قبل انہیں ہر طرح سے مقررہ معیار کے مطابق چیک کیا جاتا ہے تاکہ ایسے نوٹ جو استعمال کے قابل نہیں ہوں انہیں جدا کرکے تلف کیاجاسکے۔واضح رہے بیشتر لوگوں کی جانب سے استفسار کیا گیا تھا کہ موجودہ کورونا وائرس سے کرنسی کو محفوظ رکھنے کے لیے مرکزی بینک کی جانب سے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں اس حوالے سے سعودی مانیٹرنگ ایجنسی ’ساما‘ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں کو بھی وقفے وقفے سے سینیٹائز کیا جاتا ہے تاکہ صارفین کو وبا سے محفوظ رکھا جاسکے۔