3 جے ایف تھنڈر طیارے نائیجیرین ائر فورس کے سپرد 

May 22, 2021

اسلام آباد( خبرنگار) پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے باضابطہ طور پر 03 جے ایف-17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کر دیئے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق  پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے نائیجیرین ایئر فورس کی 57ویں سالگرہ کے موقع پر نائیجیرین فضائیہ کے مکودری بیس پر منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران 03 جے ایف-17 تھنڈر طیارے باضابطہ طور پر نائیجیرین ائیر فورس کے حوالے کر دیئے۔ اس موقع پر نائیجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ریٹائرڈ)  بشیر مگاشی نے صدر کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے بطور مہمان خصوصی تقریب میں  شرکت کی۔ جبکہ پاک فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل سید نعمان علی کو  تقریب میں شرکت کے لئے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا ’’ہم سکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے نائیجیرین فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے، دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کے لئے پاکستان اور پاک فضائیہ کے ممنون ہیں۔ آج ہم پاک فضائیہ سے حاصل کیے گئے جے ایف-17 لڑاکا طیاروں کی نائیجیرین فضائیہ میں شمولیت پر بے حد خوش اور پرجوش ہیں۔‘‘ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایئر مارشل سید نعمان علی نے کہا کہ آج کی تقریب نائیجیریا اور پاکستان کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ دونوں برادر ممالک مضبوط فوجی تعاون اور باہمی اعتماد کی تاریخی وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے ایف-17 جیسے جدید لڑاکا طیارے کی شمولیت سے نائیجیرین فضائیہ کو حربی فوقیت ملے گی۔ منفرد جنگی صلاحیتوں کے حامل فائٹر طیاروں کی یہ کھیپ نائیجیریا کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ 

مزیدخبریں