لاہور (کامرس رپورٹر) رواں مالی سال 2020-21 میں لاہور کیلئے مختص ترقیاتی بجٹ جولائی سے مئی کے وسط تک صرف 26فیصد خرچ ہوسکا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے لئے لاہور کے ترقیاتی بجٹ کے لئے 75ارب روپے مختص کئے گئے تھے اورجولائی سے مئی کے وسط تک 31 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ جاری کیا گیاجس میں سے صرف 19 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی اخراجات ہوئے ہیں۔لاہور میں رواں مالی سال کے بجٹ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تعداد 412 ہے۔ لاہور میں نئے سکولوں کی تعمیر، صاف پانی، واٹر سپلائی اور روڈ سیکٹر کی بیشتر اسکیمیں تاحال ادھوری ہیں۔ نابینا اساتذہ کے ٹرینگ کالج کی توسیع اور قوت سماعت سے محروم بچوں کے سنٹر کی بحالی بھی التوا کا شکار ہیں۔ میاں میر ہسپتال کی ری ویمپنگ پر بھی ایک پائی بھی خرچ نہ کی گئی جبکہ ہسپتالوں میں دیگرسہولیات کے بیشتر منصوبے بھی نامکمل ہیں ۔محکمہ بلدیات، ہاؤسنگ، پبلک بلڈنگز اور دیگر شعبوں کے منصوبے بھی ادھورے ہیں۔
جولائی تا مئی: لاہور کیلئے مختص بجٹ میں سے صرف 26فیصد خرچ ہوسکا
May 22, 2021