اسلام آباد ( نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ صباح نیوز) ملک بھر میںکرونا سے مزید 102 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 89 ہوگئی۔ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 461 ہوگئی۔ 3 ہزار 70 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،51 ہزار 528 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 10 ہزار 143 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں مزید 13 ہزار افراد موت کی آغوش میں چلے گئے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3444901 ہو گئی۔ اسد عمر نے کہا ہے کہ 30 سال سے زائد عمر کے افراد کو کل سے ویکسین لگنا شروع ہو جائے گی۔ رجسٹریشن کرانے والوں کو آج سے میسج آنا شروع ہو جائے گا۔ این سی او سی کی ہدایت پر سکول کھولنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 11 اضلاع کے سکول 24 مئی سے کھولے جائیں گے۔ پہلی مرحلے میں لاہور کے سکول نہیں کھلیں گے۔ گیارہ اضلاع میں 4 روز سکول کھلیں گے۔ ایک طالب علم ہفتے میں 2 روز سکول آئے گا۔ گیارہ اضلاع میں بہاولنٹر‘ منڈی بہاؤالدین‘ ساہیوال ‘ چکوال‘ ننکانہ‘ شیخوپورہ‘ حافظ آباد‘ نارووال‘ سیالکوٹ‘ جہلم‘ راجن پور شامل ہیں۔ وہاڑی‘ چنیوٹ‘ جھنگ‘ قصور‘ پاکپتن کے سکول 24 مئٹ سے کھلیں گے۔ بلوچستان میں کوئٹہ کے علاوہ 24 مئی سے 5 فیصد سے کم شرح والے علاقوں میں سکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا میں پشاور سمیت 5 فیصد سے زیادہ کورونا مثبت کیسز رکھنے والے 23 اضلاع میں جامعات اور کالجز 7 جون تک بند ہوں گے جبکہ 5 فیصد سے کم کورونا مثبت کیسز کی شرح رکھنے والے اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سے کھل جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی، لوئر دیر، اپر دیر، باجوڑ، بونیر، مالاکنڈ، سوات، شانگلا، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، بٹگرام، ہری پور، اورکزئی، کوہاٹ، کرم، بنوں، جنوبی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اعلیٰ تعلیمی ادارے 7 جون تک بند ہوں گے۔ پڑھائی آن لائن طریقہ کار کے تحت جاری رہے گا۔