اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) موبائل فونز پر عائد کسٹمز ڈیوٹی کے حوالے سے ایف بی آر نے کہا ہے کہ حال ہی میں پی ٹی اے کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں اس بات کا علم ہوا کہ غیر ملکی مسافر اپنے پاسپورٹ پر پانچ موبائل فونز رجسٹرڈ کر سکتے ہیں اور 500 امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے فون پر عائد کسٹمز ڈیوٹی و ٹیکسز ادائیگی کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن میں فرق تقریبا" 9000 روپے ہے۔ اس فرق کو ختم کرنے اور پاسپورٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے تحت صرف ایک فون کی اجازت کے لئے وی بوک موڈیول میں تبدیلی کی جارہی تھی۔ اس پراسیس کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے ودہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ سسٹم سے خارج ہو گئی جس کی وجہ سے پاسپورٹ پر فون رجسٹریشن پر 36720 روپے کسٹمز ڈیوٹی چارج ہونے لگی۔ اس مسئلے کے فوری حل کی کوشش جاری ہے اور تکنیکی ٹیم وی بوک موڈیول کو جانچ پڑتال کر رہی ہے اور عائد ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی درستگی کر رہی ہے۔ کل تک اس مسئلے کو ٹھیک کر لیا جائے گا۔ اس تکنیکی خرابی کی وجہ سے جن افراد سے زائد ڈیوٹیز و ٹیکسز لئے گئے ہیں ان کو زائد ادا شدہ رقم فی الفور ریفنڈ کر دی جائے گی۔ ایف بی آر اس خرابی کی وجہ سے ان کوپیش آنے والی مشکل پر معذرت خواہ ہے۔