کوئٹہ + چمن( بیورو رپورٹ +این این آئی) ضلع چمن کے علاقے مرغی بازار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ جمعہ کو بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے ساجد مہمند روڈ پر جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے رہنما قادر لونی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں بعض کی حالت نازک ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے تحت فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ریلی کے اختتامی مقام پر مبینہ طور پر موٹرسائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد کو ریموٹ کے ذریعے اڑا دیا گیا۔ ریسکیو کے مطابق دھماکے میں جے یو آئی نظریاتی کے رہنما قادر لونی محفو ظ رہے تاہم انہیں معمولی زخم آئے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
چمن فلسطین ریلی کے اختتام پر دھماکہ،7جاں بحق14زخمی
May 22, 2021