مضبوط چالان سے ملزموںکو سزادلوانا کرائم کنٹرول کا اصل فارمولا ہے :آئی جی

لا ہو ر (نمائندہ خصوصی+وقائع نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ شعبہ تفتیش کو بہتر سے بہتر بناتے ہوئے مضبوط چالانوں کے ذریعے ملزمان کو عدالتوں سے قرار واقعی سزائیں دلوانا کرائم کنٹرول کا اصل فارمولا ہے ۔وسائل کی فراہمی میں پہلی بار آپریشنز کی بجائے انویسٹی گیشن کے شعبہ کو بطور خاص اولیت دی جارہی ہے تاکہ مقدمات کے ورک آئوٹ کرنے کی شرح کو بہتر سے بہتر بناتے ہوئے ملزمان کو پابند سلاسل کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں صوبے کے بہترین تفتیشی افسروں کے اعزاز میں سجائی گئی پہلے مرحلے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوران 41سنگین مقدمات کی بہترین تفتیش اور معیاری چالان تیار کرنے پر 55تفتیشی افسران و اہلکاروںمیںمجموعی طور پر 41لاکھ روپے نقد اورتعریفی سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ مائرہ مرڈر کیس کے اصل حقائق کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے لاہور پولیس شب و روز کوشاں ہے اور بہت جلد اصل مجرمان کو بے نقاب کرتے ہوئے قانون کے کٹہرے میں پیش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کیس کی تفتیش میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کا جائرہ لیتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور اور ایس پی سی آئی اے لاہور کو ہدایت کی کہ وہ کیس کی تفتیش جلد از جلد اپنی نگرانی میںمکمل کرائیں۔سی سی پی او لاہور غلام محمودڈوگر نے کیس میں ہونے والی اب تک کی پیش رفت بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تفتیش میں جیو فینسنگ کے علاوہ جائے وقوعہ سے ملنے والے تمام شواہد کو فارنزک کیلئے لیبارٹری بھجوا جا چکا ہے جبکہ پولیس تمام پہلوئوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن