لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے 3 جے ایف 17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کر دیئے۔اس حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نائیجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ریٹائرڈ) بشیر مگاشی اور نائب سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل سید نعمان علی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر بشیر مگاشی نے کہا کہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نائیجیرین فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر پاکستان کے شکر گزارہیں، دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کے لئے پاکستان اور پاک فضائیہ کے ممنون ہیں، نائیجیریا جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی نائیجیرین فضائیہ میں شمولیت پر بے حد خوش اور پرجوش ہیں۔ایئر مارشل سید نعمان علی کا کہنا تھا کہ تقریب نائیجیریا اور پاکستان کے تعلقات بڑھانے کیلئے اہم سنگ میل ہے، دونوں برادر ممالک مضبوط فوجی تعاون اور باہمی اعتماد کی تاریخی وابستگی رکھتے ہیں، جے ایف 17 جیسے جدید لڑاکا طیارے سے نائیجیرین فضائیہ کو حربی فوقیت ملے گی۔